سپریم جوڈیشل کونسل اجلاس: 74 شکایات کا جائزہ، ججز کے کوڈ آف کنڈکٹ میں ترمیم منظور

04:54 PM, 18 Oct, 2025

اسلام آباد: سپریم جوڈیشل کونسل کے حالیہ اجلاس میں مجموعی طور پر 74 شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ اجلاس کے پہلے مرحلے میں 67 شکایات پر غور کیا گیا، جن میں سے 65 کو داخل دفتر کر دیا گیا جبکہ ایک شکایت پر کارروائی مؤخر اور ایک شکایت پر مزید کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوسرے مرحلے میں سات شکایات کا جائزہ لیا گیا، جس میں سے پانچ کو داخل دفتر کر دیا گیا جبکہ دو شکایات پر مزید کارروائی کی منظوری دی گئی۔ اس دوران سات شکایات کے لیے کونسل کی تشکیل نو کی گئی۔

جسٹس سرفراز ڈوگر نے متعلقہ شکایات پر کارروائی سے خود کو الگ کر لیا، اور ان کی جگہ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کو اجلاس میں شامل کیا گیا۔

اس کے علاوہ، اجلاس میں ججز کے کوڈ آف کنڈکٹ میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی، جس کا مقصد عدالتی نظام کی شفافیت اور معیارات کو بہتر بنانا ہے۔

مزیدخبریں