پاک جنوبی افریقہ ون ڈے سیریز میں قومی کپتان کون ہوگا؟، محمد رضوان کی جگہ کس کانام زیر غور

06:21 PM, 18 Oct, 2025

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیم کے کپتان کے حوالے سے حتمی فیصلہ مؤخر کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ کپتان محمد رضوان کو ہٹائے جانے اور نئے کپتان کی تقرری کا قوی امکان ہے۔

پی سی بی کے ترجمان کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو باضابطہ خط لکھا ہے جس میں کپتانی کے فیصلے کے لیے سلیکشن کمیٹی اور ایڈوائزری کمیٹی کا مشترکہ اجلاس بلانے کی سفارش کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق چیئرمین نے یہ خط دونوں کمیٹیوں کو ارسال کر دیا ہے۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق سلیکشن اور ایڈوائزری کمیٹیوں کا اہم اجلاس 20 اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے جس میں قومی ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان کے حوالے سے حتمی فیصلہ متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ کپتان محمد رضوان کو ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹایا جا سکتا ہے اور ان کی جگہ دو نام زیر غور ہیں جن میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور آل راؤنڈر سلمان علی آغا شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کے چند اعلیٰ عہدیداران شاہین آفریدی کو قیادت کے لیے موزوں سمجھتے ہیں، جبکہ دیگر سلمان علی آغا کو وائٹ بال کرکٹ کے لیے بہتر آپشن قرار دے رہے ہیں۔

نئے کپتان کے حوالے سے باضابطہ اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے، جس کے بعد قومی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے اپنی تیاریوں کا آغاز کرے گی۔

مزیدخبریں