لاہور: پنجاب لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2025 کی منظوری سے قبل گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے معاملے پر اہم قدم اٹھاتے ہوئے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو پیر کے روز بریفنگ کے لیے طلب کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق سیکریٹری لوکل گورنمنٹ گورنر پنجاب کو مجوزہ ترمیمی بل پر تفصیلی بریفنگ دیں گے، جس کے بعد گورنر سردار سلیم حیدر پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کریں گے۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کی جانب سے گورنر پنجاب کو پہلے ہی اس بل پر تحفظات سے آگاہ کیا جا چکا ہے، جس کے بعد گورنر نے بل کی منظوری سے قبل مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔
گورنر ہاؤس ذرائع کے مطابق سردار سلیم حیدر کا مؤقف ہے کہ مقامی حکومتوں سے متعلق قانون سازی میں تمام سٹیک ہولڈرز کی رائے لینا ضروری ہے تاکہ مستقبل میں بل پر کسی قسم کا سیاسی یا آئینی تنازع نہ کھڑا ہو۔