لاہور: زمبابوے کرکٹ ٹیم نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی دعوت قبول کرتے ہوئے نومبر میں ہونے والی تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔ سیریز میں پاکستان، زمبابوے اور سری لنکا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
تین ملکی یہ ٹورنامنٹ 17 سے 29 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور کے میدانوں میں کھیلا جائے گا۔
سیریز کا افتتاحی میچ 17 نومبر کو پاکستان اور زمبابوے کے درمیان راولپنڈی میں ہوگا، جب کہ دوسرا میچ 19 نومبر کو سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان بھی راولپنڈی میں ہی شیڈول کیا گیا ہے۔
سیریز کے بقیہ پانچ میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جہاں شائقین کرکٹ کو عالمی سطح کے دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
تین ملکی سیریز پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے فروغ کی جانب ایک اور مثبت قدم ہے، جس سے ملک میں کھیلوں کی سرگرمیاں مزید بحال ہونے کی امید ہے۔