دوحہ مذاکرات کا پہلا دور مکمل، پاکستان نے طالبان سے افغانستان میں کالعدم گروپوں کے خاتمے کا مطالبہ کردیا

10:20 PM, 18 Oct, 2025

دوحہ: قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پاکستان اور افغانستان کے وفود کے درمیان مذاکرات کا پہلادور کامیابی سے مکمل ہوگیا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق، مذاکرات کی میزبانی قطری انٹیلی جنس کے سربراہ عبداللہ بن محمد الخلیفہ کر رہے ہیں، اور پاکستان نے افغانستان سے دہشت گرد گروپوں کی سرحد پار دراندازی کے معاملے کو اجاگر کیا ہے۔

پاکستانی وفد کی قیادت وزیر دفاع خواجہ آصف نے کی، جب کہ پاکستانی سکیورٹی حکام نے ان کی معاونت فراہم کی۔ افغان وفد کی قیادت وزیر دفاع ملا یعقوب نے کی، اور افغان انٹیلی جنس چیف بھی افغان وفد کا حصہ تھے۔

سفارتی ذرائع نے بتایا کہ دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا ہے، اور مذاکرات کا اگلا سیشن کل صبح دوحہ میں ہوگا۔

پاکستان نے افغان وفد کے سامنے واضح کیا کہ افغانستان میں کالعدم گروپوں کی موجودگی پاکستان کے لیے ہرگز قابلِ قبول نہیں ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز قطر میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات میں سرحدی کشیدگی کم کرنے کے لیے دوحہ مذاکرات تک سیزفائر پر اتفاق کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں