چین سے بلوچستان کے لیے 21 جدید گرین بسیں روانہ

06:58 PM, 18 Sep, 2025

چین : چین سے بلوچستان کے لیے 21 جدید گرین بسیں بھیجی گئی ہیں جو آنے والے ہفتوں میں کوئٹہ اور تربت کے شہریوں کو جدید سفری سہولیات فراہم کریں گی۔ ان میں سے 17 بسیں کوئٹہ گرین بس سروس میں شامل کی جائیں گی جبکہ 4 بسیں تربت کے لیے مخصوص کی گئی ہیں۔

محکمہ ٹرانسپورٹ بلوچستان کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے معیار کو بلند کرنے اور شہریوں کو آرام دہ اور محفوظ سفر کی فراہمی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

کوئٹہ شہر میں خواتین کے لیے خصوصی پنک رنگ کی بسیں بھی چلائی جائیں گی تاکہ خواتین کو علیحدہ اور محفوظ سفری سہولت میسر ہو، جو ان کے سفر کو مزید آسان اور محفوظ بنائیں گی۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گرین بس سروس کے آغاز سے نہ صرف عوام کو معیاری اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ دستیاب ہوگی بلکہ ٹریفک کا دباؤ کم کرنے اور ماحول کی آلودگی کو بھی کم کرنے میں مدد ملے گی۔

یہ بسیں ایندھن کی کم کھپت اور ماحولیاتی تحفظ کے عالمی معیار پر پوری اترتی ہیں۔

عوامی حلقوں نے حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے بلوچستان کے بڑے شہروں میں سفری مسائل میں نمایاں بہتری آئے گی۔

مزیدخبریں