اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اسحاق ڈار کے حالیہ دورۂ برطانیہ کے دوران طے پانے والی مفاہمت پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی گفتگو ہوئی۔
دوسری جانب، ترک سفیر عرفان نذیر اولو نے بھی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔