سیمی کنڈکٹر اور چِپ ڈیزائن جدید معیشت کی بنیاد ہیں: احسن اقبال

07:36 PM, 18 Sep, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیمی کنڈکٹر اور چِپ ڈیزائن کی صلاحیت جدید معیشت کی بنیاد ہے، پاکستان کو ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو علم کو ٹیکنالوجی اور ٹیکنالوجی کو برآمدات میں تبدیل کر سکیں۔

 غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ میں ڈیجیٹل ڈیزائن اینڈ ویری فکیشن ٹریننگ 2026 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق ڈیجیٹل ڈیزائن اینڈ ویری فکیشن ٹریننگ پروگرام کی منظوری دی گئی۔

 انہوں نے بتایا کہ پہلے ڈیجیٹل آئی سی ڈیزائن اینڈ ویری فکیشن پروگرام میں 40 طلبہ و طالبات نے چار ماہ کی تربیت مکمل کی ہے۔ تربیت مکمل کرنے والے نوجوان صرف سرٹیفکیٹ حاصل نہیں کر رہے بلکہ پاکستان کے لیے ٹیکنالوجی کے ایک نئے شعبے میں قدم رکھنے کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔

 احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دنیا کی ہر جدید مصنوعات، لیپ ٹاپ سے لے کر گاڑیوں اور بڑی مشینری تک، سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی سے جڑی ہوئی ہے۔ غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ پاکستان کو اعلیٰ معیار کا انسانی سرمایہ فراہم کر رہا ہے، جس پر ہمیں فخر ہے۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ 2017 میں بگ ڈیٹا، مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی اور روبوٹکس سمیت سات قومی مراکز قائم کیے گئے، جبکہ کوانٹم ویلی پاکستان جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کے نئے دور کی بنیاد بنے گی۔

 انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد اب پاکستان کو معرکہ ترقی میں کامیابی حاصل کرکے معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔ پاکستان کی مستقبل کی معیشت علم، ٹیکنالوجی، جدت اور برآمدات کے ستونوں پر استوار ہونی چاہیے۔

مزیدخبریں