نیدرلینڈز : پاکستان کے ابھرتے ہوئے ہاکی کھلاڑی عبدالرحمٰن نے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا۔
ہالینڈ اور بیلجیئم میں منعقدہ ہاکی ورلڈ کپ کے بعد عالمی ہاکی شائقین کی ووٹنگ کے نتیجے میں عبدالرحمٰن کو پولی گراس میجک سکل ایوارڈ کا فاتح قرار دیا گیا۔
عبدالرحمٰن نے ویلز کے خلاف میچ میں اپنی غیر معمولی تھری ڈی سکلز کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند کو ہوا میں بہترین انداز سے کنٹرول کیا اور مخالف ٹیم کے چار ڈیفنڈرز کو چکمہ دے کر شاندار گول سکور کیا۔ ان کا یہ شاندار کھیل دنیا بھر کے ہاکی شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
عالمی سطح پر ہونے والی ووٹنگ میں عبدالرحمٰن نے 44 فیصد ووٹ حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ کینٹن میلویل 39 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایف آئی ایچ کے گلوبل سپلائر پولی ٹین کی جانب سے دیے جانے والے اس ایوارڈ کے لیے دنیا بھر سے چھ بہترین لمحات کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، جن میں مردوں اور خواتین کے تین، تین شاندار لمحات شامل تھے۔ ان لمحات کے لیے 4 سے 13 ستمبر تک عالمی سطح پر ووٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔
خواتین کے مقابلے میں بھارت کی گول کیپر بیچو دیوی کاریبام نے 52 فیصد ووٹ حاصل کرکے ایوارڈ اپنے نام کیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے عبدالرحمٰن کو اس عالمی اعزاز پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی پاکستان کے نوجوان ہاکی کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزائی اور رہنمائی کا ذریعہ بنے گی۔