لاہور میں نامعلوم لاشوں کی برآمدگی میں اضافہ، زیادہ تر نشے کے عادی افراد شامل

08:05 PM, 19 Apr, 2025

لاہور : لاہور شہر میں رواں برس مختلف علاقوں سے ملنے والی نامعلوم لاشوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جن میں سے اکثریت نشے کے عادی افراد کی بتائی جا رہی ہے۔
نمائندہ نیو نیوز کے   مطابق اب تک 134 نامعلوم لاشیں برآمد کی گئی ہیں، جن میں 112 مرد اور 22 خواتین شامل ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ افراد مبینہ طور پر منشیات کے استعمال کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔
تشویشناک پہلو یہ ہے کہ خواتین کی لاشوں میں بھی نشے کی عادت کا عنصر نمایاں ہے، جو معاشرتی سطح پر ایک ابھرتے ہوئے بحران کی نشاندہی کرتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خواتین میں منشیات کے استعمال کا رجحان بڑھنا ایک سنگین سماجی المیہ ہے، جس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔
پولیس حکام کے مطابق تمام لاشوں کی بائیومیٹرک تصدیق کی جا رہی ہے، اور جن لاشوں کی شناخت ممکن ہو، انہیں ورثا کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ اب تک صرف 37 لاشوں کی شناخت ہو ئی ہے۔
دوسری جانب منشیات فروشوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں بھی جاری ہیں، تاہم نشے کے عادی افراد کی اموات میں مسلسل اضافہ، ان اقدامات کی مؤثریت پر سوالات اٹھا رہا ہے۔
سماجی کارکنوں اور ماہرین صحت نے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات کے خلاف سخت قانون سازی کے ساتھ ساتھ بحالی مراکز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ متاثرہ افراد کو دوبارہ معاشرے کا کارآمد فرد بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں