راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں مقابلے میں پشاور زلمی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 228 رنز کا بڑا ہدف دے ڈالا۔
یہ میچ راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی اوورز میں زلمی کو دھچکا اُس وقت لگا جب جارح مزاج بلے باز صائم ایوب اور کپتان بابر اعظم صرف 5 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
تاہم محمد حارث اور ٹام کوہلر کیڈمور نے 73 رنز کی برق رفتار شراکت قائم کر کے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ محمد حارث نے 21 گیندوں پر 45 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جبکہ کوہلر کیڈمور نے 30 گیندوں پر 52 رنز اسکور کیے۔
بعد ازاں حسین طلعت نے 37 رنز کے ساتھ اننگز کو استحکام بخشا، اور آخر میں عبدالصمد نے صرف 14 گیندوں پر 40 رنز اور مچل اوین نے 15 گیندوں پر 34 رنز جڑ کر اسکور کو 227 تک پہنچا دیا۔ پشاور زلمی نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے، جن میں مجموعی طور پر 16 چھکے شامل تھے۔
بالنگ کی بات کریں تو ملتان سلطانز کی جانب سے ڈیوڈ ویلی، مائیکل بریسویل اور عبید شاہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ افتخار احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ہمارا مقصد 200 سے زائد رنز بنانے کا ہے اور امید ہے آج کچھ خاص کارکردگی دیکھنے کو ملے گی۔ دوسری جانب محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے تاکہ ٹیم کا توازن بہتر بنایا جا سکے۔
پشاور زلمی نے اپنی ٹیم میں تین تبدیلیاں کیں، جبکہ ملتان سلطانز نے دو تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔