آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ایشز ٹیسٹ میچ ڈرا

آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ایشز ٹیسٹ میچ ڈرا

لارڈز : آسٹریلیا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ایشز ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا،

انگلش ٹیم نے 258 رنز 5 کھلاڑی آﺅٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے کینگروز کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 267 رنز کا ہدف دیا، بین سٹوکس نے ڈٹ کر کینگروز باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور سنچری سکور کی، سٹوکس 115 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے آخری روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 154 رنز بنائے تھے، اسطرح دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ڈرا ہو گیا،

آرچر اور لیچ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ سٹوکس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اتوار کو لارڈز ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز انگلش ٹیم نے 96 رنز 4 کھلاڑی آﺅٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو بین سٹوکس 16 اور جوز بٹلر 10 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز سے دن کا آغاز کیا اور سکور میں 65 رنز کا اضافہ کیا، 161 کے مجموعی سکور پر کمنز نے بٹلر کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو پانچویں کامیابی دلائی، وہ 31 رنز بنا سکے، اس کے بعد سٹوکس اور جونی بیئرسٹو کینگروز باﺅلرز کے سامنے ڈٹ گئے،

دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ میں 97 ناقابل شکست رنز جوڑ کر سکور 258 تک پہنچایا اور یہاں پر انگلش قائد نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا، اسی دوران سٹوکس نے اپنی سنچری بھی مکمل کی، وہ 115 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، جونی بیئرسٹو نے 30 رنز بنائے اور آﺅٹ نہیں ہوئے، اسطرح آسٹریلیا کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 267 رنز کا ہدف ملا۔ کمنز نے 3 اور سڈل نے 2 وکٹیں لیں۔

جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے آخری روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 154 رنز بنا لئے تھے، اسطرح دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا، مارنس لبو چگ نے 59 اور ٹریوس ہیڈ 42 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کیمرون بینکرافٹ 16، ڈیوڈ وارنر 5، عثمان خواجہ 2، میتھیو ویڈ 1 اور کپتان ٹم پین 4 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ جیک لیچ اور جوفرا آرچر نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔