ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 23 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کے قرضے کی منظوری دیدی

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 23 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کے قرضے کی منظوری دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کیلئے مزید 23 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کے قرضے کی منظوری دیدی ہے جسے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں استعمال کیا جائے گا۔ 
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ادارے کی جانب سے منظور کیا جانے والا 23 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کا قرضہ 222 کلومیٹر قومی شاہراہ این 55 شکارپور راجن پور کی اپ گریڈیشن کیلئے استعمال ہو گا۔ 
اعلامیہ کے مطابق اس منصوبے سے علاقے کو آپس میں جوڑنے اور حکومتی آپریشنز کیساتھ ساتھ نیشنل ہائی وے نیٹ ورک کی مرمت کے نظام کو مضبوط کیا جائے گا جبکہ شکار پور تا راجن پور سیکشن 222 کلومیٹر سڑک کی توسیع کرتے ہوئے اسے چار رویہ کیا جائے گا۔
اے ڈی بی کے مطابق نیشنل ہائی وے 55 سنٹر ایشیاءریجنل اکنامک کو آپریشن (کیرک) کوریڈور فائیو کا اہم حصہ ہے، یہ شاہراہ جنوبی پاکستان کراچی اور گوادر کی بندر گاہوں کو شمال میں قومی و بین الاقوامی اقتصادی مراکز سے ملاتی ہے، منصوبے سے مصروف ترین ہائی وے سیکشن کی ٹرانسپورٹیشن کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہو گا۔