کراچی میں صبح سویرے موسلادھار بارش، موسم خوشگوار ہوگیا

09:18 AM, 19 Aug, 2025

کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے نظام زندگی متاثر ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم سندھ کے مختلف حصوں پر تاحال موجود ہے، جس کے باعث بارش کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ رات سے کراچی کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش کا آغاز ہوا، جو صبح کے وقت گرج چمک کے ساتھ تیز بارش میں بدل گیا۔ بارش سے طارق روڈ، عزیز آباد، شارعِ قائدین، بوٹ بیسن، لیاقت آباد، حسن اسکوائر، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، کلفٹن، ڈیفنس، قیوم آباد، شارع فیصل، ایئرپورٹ، قائد آباد، ملیر، لانڈھی اور کورنگی کے علاوہ گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، سکیم 33، صفورا، نارتھ کراچی، منگھو پیر، سرجانی ٹاؤن اور تیسر ٹاؤن متاثر ہوئے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، جب کہ کئی موٹر سائیکلیں خراب ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں، جن کی بحالی کا کام جاری ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں آج بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ژوب، قلات، تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی اور ٹھٹھہ میں موسلا دھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات اور مقامی انتظامیہ نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

مزیدخبریں