سندھ طاس معاہدہ پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی زندگیوں کے تحفظ سے جڑا ہوا ہے ،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

12:06 PM, 19 Aug, 2025

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے دعوے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی زندگیوں کے تحفظ سے جڑا ہوا ہے اور اسے یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا۔

برٹش پاکستان لائرز فورم سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ 1960 میں ورلڈ بینک کی ثالثی سے طے پایا تھا اور یہ معاہدہ پاکستان کے آبی تحفظ اور ماحولیاتی استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاہدہ پاکستان کے 80 فیصد پانی کے وسائل کو ریگولیٹ کرتا ہے اور اس کی خلاف ورزی عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہوگی۔

نائب وزیراعظم نے زور دیا کہ پانی جیسے حساس معاملے پر کسی بھی یکطرفہ کارروائی کو بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا اور پاکستان اس سلسلے میں اپنا دفاع کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان عالمی برادری کو بھی اس معاملے پر خبردار کر چکا ہے تاکہ کسی بھی طرح کے تنازعے سے بچا جا سکے۔

مزیدخبریں