انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں پی ٹی آئی کے مزید 4 کارکنوں کو سزا سنا دی

01:22 PM, 19 Aug, 2025

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چار مزید کارکنوں کو سزا سنائی ہے۔ عدالت نے تھانہ ہنجرا اٹک میں درج مقدمے میں عامر خان، سردار خان، خان محمد اور جاوید اقبال کو 4، 4 ماہ قید کی سزا دی ہے۔

ملزمان پر جلاؤ گھیراؤ کی دفعات کے تحت مقدمہ چلایا گیا، جس میں انہوں نے عدالت میں اقبال جرم کیا اور بتایا کہ قیادت کے اکسانے پر وہ پرتشدد احتجاج میں شامل ہوئے۔ ملزمان نے اپنی سزاؤں میں نرمی کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ غریب مزدور ہیں۔

واضح رہے کہ مئی میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 26 نومبر احتجاج کے دوران گرفتار 86 پی ٹی آئی کارکنوں کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس وقت کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کارکنوں کی ضمانتیں منظور کی تھیں اور ضمانتی مچلکے 10 ہزار روپے کے عوض منظور کیے گئے تھے۔

فروری میں بھی اسلام آباد ہائیکورٹ نے 26 نومبر احتجاج کیس میں گرفتار 120 کارکنوں کی ضمانتیں منظور کی تھیں اور انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزیدخبریں