سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو ،ریلیف آپریشن :وفاقی وزیر اطلاعات ، ڈی جی آئی ایس پی آر اور چئیرمین این ڈی ایم اے کی میڈیا بریفنگ

02:32 PM, 19 Aug, 2025

اسلام آباد: ملک میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث شدید جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ایک مشترکہ بریفنگ میں سیلابی صورتحال پر تفصیلات سے آگاہ کیا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق اب تک 670 افراد جاں بحق اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ 17 اگست سے اب تک 25 ہزار متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ 23 اگست تک بارشوں کا ایک نیا تیز اسپیل متوقع ہے، جس کے لیے تمام ادارے الرٹ ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا کہ فیلڈ مارشل کی ہدایت پر پاک فوج، ریسکیو ٹیمیں اور آرمی ایوی ایشن سیلاب زدہ علاقوں میں سرگرم ہیں۔ اب تک 6 ہزار سے زائد افراد کو طبی امداد دی جا چکی ہے، جبکہ میڈیکل بٹالین اور سی ایم ایچ سے ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیمیں بھی خیبر پختونخوا بھیجی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سڑکوں کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے، جہاں 90 سڑکیں تباہ ہوئیں اور متعدد پلوں کی تعمیر اور راستوں کی بحالی کا کام مکمل کیا گیا۔ متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹرز اور زمینی راستوں کے ذریعے راشن پہنچایا جا رہا ہے، جبکہ فوج کا ایک دن کا راشن بھی متاثرین کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بتایا کہ اربن فلڈنگ سے شہری علاقوں میں خاصا نقصان ہوا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ریلیف سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ شانگلہ، باجوڑ اور سوات سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کا نظام متاثر ہوا، جس میں سے 70 فیصد بحال کر دیا گیا ہے، اور وزیر توانائی خود فیلڈ میں موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مالاکنڈ اور بشام روڈ بحال ہو چکی ہیں، این-90 شاہراہ پر بھی ٹریفک چل رہی ہے۔ اب تک 1200 خیمے متاثرہ علاقوں میں بھیجے جا چکے ہیں، اور پمز اسپتال سے خصوصی میڈیکل ٹیم بھی روانہ کی گئی ہے۔ آنے والی بارشوں کے پیش نظر تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

عطا تارڑ نے واضح کیا کہ این ڈی ایم اے، پاک فوج اور وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر ایک مؤثر حکمت عملی کے تحت اس آفت سے نمٹنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ "یہ ایک مشکل وقت ہے، لیکن ہم سب متحد ہیں اور اس آزمائش پر بھی قابو پا لیں گے۔"

چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی علاقوں میں گلیشیئر پگھلنے اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث سیلاب کی شدت بڑھی ہے۔ سڑکوں کی بحالی کا 50 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے اور نقصانات کا تفصیلی سروے رپورٹ جلد حکومت کو پیش کی جائے گی۔

مزیدخبریں