لاہور :محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے نیا نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت ہر گاڑی کا رجسٹریشن نمبر براہ راست گاڑی کے مالک کے قومی شناختی کارڈ (CNIC) سے منسلک ہوگا۔
نمائندہ نیو نیوز لاہور کے مطابق نئے نظام کے مطابق گاڑی فروخت کرنے کی صورت میں پرانا مالک اپنا رجسٹریشن نمبر اپنے پاس رکھ سکے گا، جبکہ گاڑی کا نیا خریدار محکمہ ایکسائز سے نیا نمبر حاصل کرے گا۔ یہ تبدیلی استعمال شدہ گاڑیوں کی خرید و فروخت میں شفافیت لانے اور رجسٹریشن نمبروں کو ذاتی ملکیت بنانے کے مقصد سے کی گئی ہے۔
محکمہ کے مطابق کوئی بھی غیر استعمال شدہ رجسٹریشن نمبر زیادہ سے زیادہ دو سال تک محفوظ رکھا جا سکے گا، جس کے بعد وہ نمبر دوبارہ الاٹ کیا جا سکے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام سے نہ صرف جعلسازی کے امکانات کم ہوں گے بلکہ نمبر پلیٹس کو ذاتی شناخت کے طور پر محفوظ رکھنے کا عمل بھی ممکن ہو سکے گا۔