مظفرگڑھ :محکمہ صحت و آبادی، مظفرگڑھ کے زیر اہتمام ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے فیاض پارک میں ایک رنگا رنگ "ایجوکیشنل فیملی میلہ" منعقد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کے مہمانانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مظفرگڑھ جناب عوید ارشاد بھٹی اور اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ خضر ظہور تھے۔
تقریب میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان، اسکولوں کے اساتذہ، شعبۂ صحت سے وابستہ ماہرین، مختلف غیر سرکاری تنظیموں (NGOs) کے نمائندے، والدین اور بچے بڑی تعداد میں شریک تھے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا۔ اس کے بعد پروگرام کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ ضلعی آفیسر محکمہ صحت و آبادی، محترمہ فرزانہ کوثر نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور تقریب کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔
اور اس میلہ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے خاندانی منصوبہ بندی اور صحت سے متعلق دستیاب سہولیات پر روشنی ڈالی۔
میلہ میں متعدد دلچسپ اور تفریحی سرگرمیاں شامل تھیں، جن میں جھومر پارٹی، صحت مند بچوں کے مابین مقابلے، مہندی لگانے کا مقابلہ، ملی نغمے،میوزیکل چیئر تھے۔
اس کے علاوہ مختلف سرکاری و غیر سرکاری محکموں کی جانب سے معلوماتی و تفریحی اسٹالز بھی لگائے گئے، جن میں خاندانی منصوبہ بندی سٹال، مہندی و بوتیک سٹال،دیسی کوکنگ اور کلچرل سٹال، بچوں کے لیے جھولوں کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا جس سے وہ بے حد محظوظ ہوئے۔
تمام مقابلوں کے ونرز بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے، جو مہمانانِ خصوصی نے پیش کیے۔ آخر میں شرکاء کو خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت پر آگاہی دی گئی اور پیغام دیا گیا کہ آبادی اور وسائل میں توازن وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ نہ صرف ماں اور بچے کی صحت کے لیے ضروری ہے بلکہ ملکی ترقی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔