کراچی:کراچی میں تیز بارش کے بعد بجلی کی فراہمی متاثر ہو گئی ہے اور تقریباً آدھے سے زائد شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کئی گھنٹوں سے بند ہے۔ کے الیکٹرک کے تقریباً 900 فیڈرز ٹرپ ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔
بلدیہ، بن قاسم، ڈیفنس، گلشن اقبال، گلستان جوہر، کورنگی، اورنگی، سوسائٹی، سرجانی اور اوٹھل بلوچستان سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ کے الیکٹرک کی ٹیکنیکل ٹیموں کو بحالی کے کام کے لیے گراونڈ کلیرنس نہ ملنے کی وجہ سے مرمت میں تاخیر ہو رہی ہے۔
بارش کے باعث انڈرگراؤنڈ کیبل فالٹس اور سب سٹیشنز میں پانی بھرنے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی میں مزید مشکلات کا سامنا ہے۔ کنڈے والے اور نشیبی علاقوں میں احتیاطی تدابیر کے طور پر بجلی بند کی گئی ہے۔
شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے اور کے الیکٹرک سے فوری بحالی کا کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ اس صورتحال کو سنجیدگی سے لے کر جلد بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔