لاہور:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور کے گارڈن ٹاؤن پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ کیا، جہاں شہریوں کی لمبی قطاریں، کئی کئی گھنٹوں کا انتظار اور ایجنٹ مافیا کی سرگرمیاں دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران متعدد کاؤنٹرز خالی پائے گئے جبکہ کئی جگہ عملہ بھی موجود نہیں تھا۔ شہریوں نے وزیر داخلہ کو پاسپورٹ آفس میں پیش آنے والی مشکلات اور دیگر مسائل سے متعلق شکایات سے آگاہ کیا۔
محسن نقوی نے بدانتظامی اور فرائض سے غفلت پر پاسپورٹ آفس کے انچارج ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد اسلم کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔
وزیر داخلہ نے پاسپورٹ آفس کے باہر ایجنٹ مافیا کی موجودگی کا بھی سخت نوٹس لیا اور ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایف آئی اے لاہور کو بھی عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول میں غیرضروری انتظار اور مشکلات سے نجات دلانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔