ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ 

ملک کے بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں موسم شدید سرد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے ، جبکہ پنجاب اور بالائی سندھ میں شدید دھند کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق خط پوٹھوہار میں بھی صبح کے اوقات میں کہر پڑنے کا امکان ہے جب کہ اسلام آباد میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔ 

موسمیاتی ادارے نے سیالکوٹ ، نارووال ، گجرات ، گوجرانوالہ ، لاہور اور اوکاڑہ میں دھند رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے ساہیوال ، فیصل آباد ، بہاولنگر ، بہاولپور ، ملتان اور خانیوال میں کہر پڑنے کا بھی امکان ظاہر کیا ہے ۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا ، شمالی بلوچستان ، شمالی علاقہ جات ، کشمیر اور بالائی خیبر پختون خواہ میں موسم شدید سرد رہا ۔