ملک کے مختلف شہروں میں دھند اور فضائی آلودگی کی شدت، موٹر ویز متعدد مقامات پر بند

11:38 AM, 19 Dec, 2025

لاہور : پاکستان کے مختلف شہروں میں شدید دھند نے حد نگاہ کو متاثر کیا، جس کے باعث موٹر ویز کے کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور انہیں بند کر دیا گیا۔ موٹر وے ایم ون پشاور سے رشکئی اور صوابی سے برہان تک، ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، ایم 3 فیض پور سے جڑانوالہ تک بند کر دی گئی۔ اس کے علاوہ، موٹر وے ایم 5 پر ملتان سے روہڑی تک گاڑیوں کا داخلہ مکمل طور پر روک دیا گیا۔

لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 بھی دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی۔ گوجرانوالہ، بہاولپور، احمد پور شرقیہ، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی شدید دھند رہی جس سے قومی شاہراہوں پر حد نگاہ کم ہو گئی اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ موٹر وے پولیس کے ترجمان نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب، ملک بھر میں فضائی آلودگی بھی برقرار رہی۔ لاہور دنیا کے سب سے آلودہ شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 428 تک پہنچ گیا۔ رحیم یار خان میں اے کیو آئی 459، گوجرانوالہ میں 447 اور فیصل آباد میں 434 ریکارڈ کیا گیا۔

مزیدخبریں