لاہور : پاکستان کے بیشتر علاقوں میں سردی میں اضافے کے ساتھ ساتھ بعض مقامات پر بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات اور اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ بگروٹ اور سکردو میں درجہ حرارت منفی دو ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ راولپنڈی، مری، پوٹھوہار ریجن، لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور گجرات میں بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ چاغی، نوشکی، پنجگور، کیچ، گوادر، کوئٹہ، قلات، مستونگ، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ہرنائی اور ژوب میں بھی بارش متوقع ہے۔
دوسری طرف، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، بہاولنگر، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں دھند چھائی رہ سکتی ہے، جبکہ گجرات، جہلم، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اسموگ کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔