حکومت کا فرض ہے کہ وہ خصوصی بچوں کو معاشرے میں کھڑا ہونے کے قابل بنائے ،وزیراعظم شہباز شریف

03:01 PM, 19 Dec, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پر یہ فرض ہے کہ وہ خصوصی بچوں کو معاشرے میں کھڑا ہونے کے قابل بنائے، کیونکہ یہ بچے قوم کے ہیں اور ان کا بااعتماد اور خودمختار بنانا ہمارا فرض ہے۔ وزیراعظم نے اسلام آباد میں آٹزم کے لیے سینٹر آف ایکسی لینس کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے خصوصی بچوں کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ ادارہ خصوصی بچوں کے لیے نئے امکانات کی راہیں کھولے گا۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ آٹزم سینٹر آف ایکسی لینس کو دو سال کی بجائے ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، تاکہ ان بچوں کو جلد سے جلد تربیت اور بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے خصوصی بچوں کو بے شمار صلاحیتوں سے نوازا ہوتا ہے اور یہ بچے بھی قوم کا حصہ ہیں۔ انہوں نے ایک خصوصی بچے کا ذکر کیا جس نے میوزک کی دھنوں سے پاکستان کے لیے محبت کے پیغامات دیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی بچوں کی تربیت ہمارا اجتماعی فرض ہے، اور جو بھی اس کارخیر میں حصہ ڈالے گا، وہ دنیا اور آخرت میں دونوں میں کامیاب ہو گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس ادارے کو کامیابی کی منزل تک پہنچانے کے لیے سب کو اپنی کاوشیں بروئے کار لانی ہوں گی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے اعلان کیا کہ آٹزم سینٹر آف ایکسی لینس کے لیے 15 کوچز کا اعلان بھی کیا گیا ہے، جنہیں گرانٹ کے طور پر فراہم کیا جائے گا تاکہ ادارے کے کام کو مزید تیز کیا جا سکے۔

قبل ازیں وزیراعظم کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی، اور وہ آٹزم سے متاثرہ بچوں سے ملے اور ان کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران خصوصی بچوں نے قومی ترانہ پڑھ کر وطن سے محبت کا اظہار کیا اور فن موسیقی کا مظاہرہ بھی کیا، جس سے ان کی غیر معمولی صلاحیتوں کا پتہ چلا۔

وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے اس موقع پر کہا کہ آج ہم قومی ارادے کو قومی ادارے میں تبدیل کر رہے ہیں، اور اللہ کسی بھی شخص کو معذوری کے باوجود طاقت اور صلاحیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ خصوصی بچوں کو بوجھ نہیں بلکہ باصلاحیت انسان بنانے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

آٹزم ایکسپرٹ عائشہ ہارون نے اس موقع پر بتایا کہ وہ گزشتہ 15 سال سے خصوصی بچوں کی خدمت کر رہی ہیں اور انہیں اس بات کا فخر ہے کہ ان کے ادارے میں 70 بچے زیر تعلیم ہیں۔ عائشہ ہارون نے بتایا کہ وہ برطانیہ میں خصوصی بچوں کے اداروں سے سیکھ کر واپس آئی تھیں اور 2009 میں اوئیسس سکول کی بنیاد رکھی، جہاں خصوصی بچوں کو تعلیم دی جاتی ہے۔

مزیدخبریں