غزہ امن بورڈ اجلاس میں شرکت ، وزیراعظم ٹرمپ کے امن منصوبے کی حمایت کریں گے: اسحاق ڈار

10:39 AM, 19 Feb, 2026

اسلام آباد : نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف واشنگٹن میں ہونے والے غزہ امن بورڈ اجلاس میں شرکت کریں گے اور امریکی صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کی حمایت کریں گے۔

فلسطین کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے اسرائیلی جارحیت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ پاکستان غزہ میں اسرائیل کی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور سیز فائر کا احترام ضروری ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ مستقل امن کے لیے باہمی احترام پر مبنی سفارتکاری کی ضرورت ہے، اور فلسطینی اتھارٹی کا مرکزی کردار اس صورتحال میں لازمی ہے۔ انہوں نے فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت کے احترام کے بغیر کسی بھی حل کو ناقابل عمل قرار دیا۔

اسحاق ڈار نے غزہ سے فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کے اسرائیلی اقدام کی بھی سخت مذمت کی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ چکے ہیں، جہاں ان کی امریکی قیادت اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔

مزیدخبریں