افغان سفارتکار کی طلبی، باجوڑ حملے میں افغان سرزمین کے استعمال پر احتجاج ریکارڈ کرایا

12:25 PM, 19 Feb, 2026

اسلام آباد : پاکستان نے افغان ناظم الامور کو طلب کر کے حالیہ دہشت گرد حملوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے، خاص طور پر باجوڑ میں 16 فروری کو سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملے پر۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق، افغان نائب سفیر کو ایک باضابطہ احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا ہے جس میں باجوڑ حملے کے لیے افغان سرزمین کے استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

یاد رہے کہ 16 فروری کو باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، جس میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے افغانستان سے آ کر کارروائی کی تھی۔ اس حملے میں پاکستان کے 11 بہادر جوان شہید ہو گئے تھے۔

دفتر خارجہ نے افغان ناظم الامور کو آگاہ کیا کہ پاکستان کو اس بات پر گہری تشویش ہے کہ افغان سرزمین اب بھی پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے، اور ٹی ٹی پی کی پوری قیادت افغانستان میں موجود ہے اور وہ افغان سرزمین سے کھلے عام سرگرم ہے۔

پاکستان نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا سدباب کیا جا سکے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں