اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے سانحہ ترلائی کے شہداء کے اہلخانہ کے لیے امدادی چیکس کی فراہمی کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کیے گئے وعدے کے مطابق شہداء کے ورثاء کی مالی معاونت کے لیے چیکس ان کی دہلیز تک پہنچا دیے گئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت سے تعلق رکھنے والے 36 شہداء کے لواحقین کو امدادی چیکس فراہم کر دیے گئے ہیں۔ وزیراعظم کے خصوصی ریلیف پیکیج کے تحت ہر شہید کے ورثاء کو 50 لاکھ روپے کا چیک دیا گیا ہے۔ تونسہ شریف، تلہ گنگ، استور اور اسکردو سے تعلق رکھنے والے 4 شہداء کے لواحقین کو بھی امدادی چیکس کی ترسیل کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
حکام کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی تھی کہ شہداء کے خاندانوں کی مالی معاونت میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہ کی جائے۔ ریاست دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سانحہ ترلائی: وزیراعظم کے اعلان پر شہداء کے لواحقین میں امدادی چیکس کی تقسیم، فی خاندان 50 لاکھ روپے فراہم
02:43 PM, 19 Feb, 2026