کراچی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی نے ہوا بازی کی دنیا میں ایک بڑا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ ایئرپورٹ کے مرکزی رن وے کی اپ گریڈیشن کا کام 18 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد اب دنیا کے سب سے بڑے مسافر اور بھاری بھرکم کارگو طیارے کراچی میں باآسانی لینڈ کر سکیں گے۔
اس اہم منصوبے پر 8305 ملین روپے کی لاگت آئی ہے۔پراجیکٹ ڈائریکٹر حافظ زاہد کے مطابق، یہ کام مقررہ وقت یعنی 18 ماہ میں مکمل کیا گیا ہے، جو کہ ایک بڑی انتظامی کامیابی ہے۔
رن وے کی بحالی کے بعد پہلی نجی ایئر لائن کی پرواز نے کامیابی سے لینڈنگ کی۔ اس موقع پر طیارے کو واٹر کینن (Water Cannon) کے ذریعے روایتی سلامی پیش کی گئی، جو کسی بھی اہم سنگِ میل کی تکمیل پر دی جاتی ہے۔ایئرپورٹ منیجر محمد عدنان خان نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا "رن وے کی اپ گریڈیشن کے بعد اب دنیا کا سب سے بڑا طیارہ بھی کراچی ایئرپورٹ پر اتر سکے گا۔ اس سے نہ صرف کمرشل پروازوں میں اضافہ ہوگا بلکہ بھاری کارگو طیاروں کی آمد سے تجارتی سرگرمیاں بھی بڑھیں گی۔"
اس اپ گریڈیشن کے بعد کراچی کا ایئرپورٹ بین الاقوامی معیار کے ہم پلہ ہو گیا ہے۔ بڑے کارگو طیاروں کی آمد سے پاکستان کی برآمدات اور درآمدات کو فروغ ملے گا اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ خطے کے ایک اہم ٹرانزٹ حب کے طور پر ابھرے گا۔
کراچی ایئرپورٹ کے لیے بڑا اعزاز: رن وے کی اپ گریڈیشن مکمل، دنیا کے بڑے جہازوں کی لینڈنگ کی راہ ہموار
03:09 PM, 19 Feb, 2026