غزہ امن عمل کا حصہ بنیں گے، حماس کو غیر مسلح کرنے میں شامل نہیں ہوں گے:پاکستان کا دو ٹوک موقف

03:18 PM, 19 Feb, 2026

اسلام آباد : ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران غزہ کی صورتحال اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے اہم ترین اعلان کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان غزہ میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا، تاہم وہ حماس کو غیر مسلح کرنے کے کسی بھی عمل یا فیصلے کا حصہ نہیں بنے گا۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم صدر ٹرمپ کی دعوت پر نیویارک میں موجود ہیں جہاں وہ آج 'غزہ بورڈ آف پیس' کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔ پاکستان اس بورڈ سے بڑی امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہے تاکہ غزہ کے مظلوم عوام کی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔ اس دورے کے دوران وزیراعظم کی اہم امریکی حکام سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے نیویارک میں فلسطینی مستقل مندوب اور مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ وزیراعظم نے آسٹرین وفاقی چانسلر کی دعوت پر ویانا کا دورہ مکمل کیا، جہاں انہوں نے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے سربراہ سے بھی ملاقات کی۔
 وفاقی وزیر احسن اقبال نے بنگلہ دیش کی نئی حکومت کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کر کے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے بھارتی شہری نکھیل گپتا کی گرفتاری کی رپورٹس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بھارتی پشت پناہی سے فعال دہشت گرد گروہوں کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک نے اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے کے الحاق سے متعلق متنازع قانون کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

مزیدخبریں