کیلیفورنیا: ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے صارفین کے لیے نیا ویڈیو پلیئر متعارف کرا دیا ہے، جس کا مقصد ویڈیوز دیکھنے کے تجربے کو مزید بہتر اور جدید بنانا ہے۔
ایکس کی جانب سے حالیہ مہینوں میں ویڈیو فیچرز پر خاص توجہ دی جا رہی تھی، اور کمپنی کے پراڈکٹ ہیڈ نکیتا بیئر نے اس نئی اپ ڈیٹ کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس سے قبل تسلیم کیا تھا کہ پرانے ویڈیو پلیئر کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔
نیا ری ڈیزائن پلیئر بالخصوص موبائل صارفین کو مدِنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ اس اپ ڈیٹ کے بعد آئی او ایس ڈیوائسز استعمال کرنے والے صارفین ایک کلک سے اسکرین کو فل اسکرین موڈ میں تبدیل کر سکیں گے، جس کا انداز ٹک ٹاک سے ملتا جلتا ہے۔
یہ تبدیلی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ٹک ٹاک کو امریکا میں سرمایہ کاروں کے ایک گروپ نے خرید لیا ہے، اور ماہرین کے مطابق ایکس اس موقع پر خود کو ٹک ٹاک کے مضبوط متبادل کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 2025 میں ایکس کی جانب سے ورٹیکل ویڈیو فیڈ بھی متعارف کرائی جا چکی ہے تاکہ مختصر ویڈیوز دیکھنے کا تجربہ مزید مؤثر بنایا جا سکے۔