اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) کے صدر میر طارق بگٹی کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔ استعفیٰ کی منظوری کے بعد وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ امور (IPC) محی الدین وانی کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کا چارج دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، محی الدین وانی کو پی ایچ ایف کا ایڈہاک صدر تعینات کیا گیا ہے، جو اب فیڈریشن کے تمام تر انتظامی اور مالی امور کی نگرانی کریں گے۔ ان کی تعیناتی کا مقصد فیڈریشن میں نظم و ضبط برقرار رکھنا اور ہاکی کے معاملات کو شفاف طریقے سے چلانا ہے۔
وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کے تحت ہاکی کی بحالی کے لیے درج ذیل اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ملک بھر میں ہاکی کلبوں کی مکمل جانچ پڑتال (اسکروٹنی) کی جائے گی تاکہ ریکارڈ کو درست کیا جا سکے۔ قائم مقام صدر محی الدین وانی تمام امور کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد صدر کی زیرِ نگرانی ایک نئی مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دیں گے۔
سکروٹنی کا عمل مکمل ہوتے ہی فیڈریشن کی نئی اور مستقل باڈی تشکیل دی جائے گی جو قومی کھیل کی بہتری کے لیے کام کرے گی۔ کھیلوں کے حلقوں کا کہنا ہے کہ وفاقی سیکرٹری کی بطور ایڈہاک صدر تعیناتی سے فیڈریشن کے انتظامی معاملات میں استحکام آنے کی توقع ہے، جس کا براہِ راست فائدہ کھلاڑیوں اور ہاکی کے فروغ کو پہنچے گا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن میں بڑی تبدیلی، وزیراعظم نے میر طارق بگٹی کا استعفیٰ منظور کر لیا
09:00 PM, 19 Feb, 2026