اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور سینیٹر فیصل واوڈا نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو 'دو بار ڈیل کی پیشکش' کے دعوے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسے محض "ہوائی تیر" قرار دے دیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹویٹر) پر اپنے ردعمل میں فیصل واوڈا نے رانا ثناء اللہ کے بیان کی حقیقت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ رانا صاحب بتائیں کہ یہ مبینہ ڈیل کب، کہاں اور کس طرح ہوئی؟ یا یہ سب صرف آپ کے ذہن کی اختراع ہے؟
واوڈا نے چیلنج کیا کہ رانا ثناء اللہ ہوا میں سیاسی تیر نہ چلائیں، کیونکہ اب "سیاسی باریک وارداتوں" کے دن پرانے ہو چکے ہیں، کچھ نیا اور ٹھوس سوچیں۔ سینیٹر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ آپ لوگ خوش قسمت ہیں کہ بانی پی ٹی آئی نے آپ کے بقول وہ ڈیل نہیں مانی۔ اگر وہ اسے قبول کر لیتے تو انہوں نے آپ لوگوں کو چھوڑنا نہیں تھا اور دوبارہ سیاستدانوں کے پیچھے ہی آنا تھا۔
واوڈا نے اپنے مخصوص انداز میں خبردار کیا کہ "انسان کی عادت بدلی جا سکتی ہے، مگر فطرت نہیں"، جس کا اشارہ بانی پی ٹی آئی کے سخت گیر سیاسی موقف کی طرف تھا۔
یہ تند و تیز بیان رانا ثناء اللہ کے اس انکشاف کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو مقتدر حلقوں یا حکومت کی جانب سے دو مرتبہ معاملات سلجھانے کی پیشکش کی گئی تھی، مگر انہوں نے اسے مسترد کر دیا۔
"ڈیل ہوئی کب اور کہاں؟" رانا ثناء اللہ کے دعوے پر فیصل واوڈا کا کڑا سوال
09:26 PM, 19 Feb, 2026