سندھ سمیت ملک بھر میں موسلا دھار بارش کا امکان

سندھ سمیت ملک بھر میں موسلا دھار بارش کا امکان
سورس: File

 محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی موسلا دھار  بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ 

محکمہ موسمیات کی جانب سے سندھ سمیت ملک بھر میں رواں ہفتے مون سون کی مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔  دوسری جانب راولپنڈی اور اسلام آباد میں مون سون کا دوسرا اسپیل داخل ہوچکا ہے، جہاں اسلام آباد میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، وہیں کئی گھنٹوں کی بارش سے راولپنڈی کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں موسم جزوی ابرآلود رہے گا، جبکہ رات اور دن میں بوندا باندی کا امکان ہے۔سندھ حکومت نے تمام بیراجوں کے چیف انجنیئرز کو الرٹ جاری کردیا گیا۔  شہر میں جمعرات سے مون سون کا دوسرا سسٹم انٹری دے گا، جس کے باعث 20 سے 22 جولائی تک شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہر کے چند علاقوں اور مضافات میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے اور شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 42 فیصد ہے، جنوب مغرب کی سمت سے چلنے والی ہوا کی رفتار 18 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

ملک بالائی علاقوں بارکھان، لورالائی، قلات، خضدار، ژوب میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

لسبیلہ، آواران، موسیٰ خیل، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، رحیم یارخان، سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں 19 سے 21 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

19 سے 23 جولائی تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو اضلاع میں گرد و غبار کے طوفان اور بارش کا امکان ہے۔

شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ اور کراچی کے اضلاع میں 20 سے 22 جولائی تک کبھی کبھار وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ایم ڈی واسا کے مطابق راولپنڈی میں رات سے اب تک 186 ملی میٹر بارش ریکارڈ  ہوئی ہے۔  رواں سیزن میں آج ہونے والی بارشوں میں سب سے بڑا اسپیل ہے۔  راولپنڈی میں طوفانی بارش کے بعد پاک فوج کے دستے نالہ لئی پہنچ گئے ہیں اور کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر کٹاریاں اور گوالمنڈی سے شہریوں کا انخلا شروع کردیا گیا ہے ۔

دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ مظفرآباد اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوارتو ہوا لیکن سڑکیں تالاب بن گئیں۔

مظفرآبادکے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہے اور بارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

اسی طرح جلالپور پیروالا شہر اور گردونواح میں بارش شروع ہوتے ہی حسبِ معمول بجلی غائب ہوگئی۔

مصنف کے بارے میں