فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ، امریکی صدر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا،آئی ایس پی آر

10:54 AM, 19 Jun, 2025

راولپنڈی : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان وائٹ ہاؤس اور اوول آفس میں اہم ملاقات اور ظہرانہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور عالمی چیلنجز سمیت مختلف اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، اس ملاقات میں صدر ٹرمپ کے ہمراہ امریکی سیکرٹری خارجہ مارکو روبیو اور مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی نمائندہ سٹیو ویٹکوف موجود تھے، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر بھی شریک تھے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاک بھارت کشیدگی کے بعد جنگ بندی میں مثبت کردار ادا کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امریکی صدر کی عالمی سطح پر قائدانہ کردار اور تنازعات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو بھی سراہا۔

صدر ٹرمپ نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی میں جاری کوششوں اور خطے میں امن قائم رکھنے کے کردار کی تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے انسداد دہشت گردی میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ باہمی مفادات پر مبنی تجارتی شراکت داری کو وسعت دینے پر بھی زور دیا گیا۔

ملاقات کے دوران امریکا اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے، معدنیات، مصنوعی ذہانت، توانائی، کرپٹو کرنسی اور دیگر شعبوں میں مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق رائے پایا گیا۔

اس ملاقات میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جس دوران صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل کی قیادت اور فیصلوں کی صلاحیتوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل نے صدر ٹرمپ کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے باضابطہ طور پر پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ پہلے سے طے شدہ ایک گھنٹے کی یہ ملاقات بڑھ کر دو گھنٹے تک جاری رہی، جو اس کی اہمیت اور گہرائی کو ظاہر کرتی ہے۔

یہ ملاقات پاکستان اور امریکہ کے درمیان اعتماد، تعاون اور نئے امکانات کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں