مریم نواز نے کلینک آن ویلز کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کر دیا

12:50 PM, 19 Jun, 2025

لاہور :  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحت کے شعبے میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے "کلینک آن ویلز" منصوبے کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے موبائل کلینکس کا معائنہ کیا اور ڈاکٹرز کو نئی گاڑیوں کی چابیاں بھی فراہم کیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ان کی حکومت کی تمام تر توجہ عوام کو دہلیز پر مفت علاج کی سہولیات فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کینسر، ہیپاٹائٹس اور دل کے مریضوں کو اب ادویات ان کے گھروں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ یہ موبائل کلینکس مکمل ایئرکنڈیشنڈ ہیں اور ایک چلتا پھرتا آپریشن تھیٹر بھی ان میں موجود ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران ان کلینکس کے ذریعے ایک کروڑ افراد کا علاج کیا جا چکا ہے اور روزانہ 45 ہزار سے زائد مریض مستفید ہو رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع اور شہری علاقوں میں اب یہ کلینکس دستیاب ہوں گے، تاکہ ہر شہری کو اس کی دہلیز پر علاج کی سہولت میسر ہو۔ انہوں نے اس منصوبے کی کامیابی کا سہرا وزیر صحت عمران نذیر، سیکرٹری ہیلتھ اور پرائمری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو دیا، جن کی انتھک محنت کے بغیر یہ ممکن نہ تھا۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں اب مفت ادویات فراہم کی جائیں گی، جس کے لیے حکومت نے 100 ارب روپے کا خصوصی فنڈ مختص کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے ادوار میں صحت کے شعبے میں نمایاں ترقی ہوئی، تاہم گزشتہ چار سال عوام کے لیے کٹھن ثابت ہوئے اور وہ بنیادی سہولیات سے محروم رہے۔ مریم نواز نے عزم ظاہر کیا کہ ان کی حکومت عوام کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

مزیدخبریں