آئندہ سال درجہ حرارت ریکارڈ سطح تک پہنچ سکتا ہے، سپارکو کا انتباہ

05:51 PM, 19 Jun, 2026

اسلام آباد: پاکستان کے قومی خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو نے موسمیاتی پیش گوئی جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 2027 دنیا اور پاکستان کے لیے غیر معمولی حد تک گرم سال ثابت ہو سکتا ہے، جس دوران درجہ حرارت نئے ریکارڈ قائم کرنے کا امکان ہے۔

سپارکو کے مطابق آئندہ برس ملک کو شدید گرمی کی لہروں اور طویل خشک موسم کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ رواں سال کے اختتامی مہینوں میں لا نینا سسٹم کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہونے کی توقع ہے۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے ساحلی اور صحرائی علاقوں میں غیر معمولی گرمی پڑنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے متعدد خشک علاقوں میں پانی کی قلت سنگین صورت اختیار کر سکتی ہے، جس سے مقامی آبادی اور زراعت دونوں متاثر ہو سکتے ہیں۔

سپارکو کے مطابق شدید گرمی، موسمی بے ترتیبی اور غیر متوقع بارشیں ملک کی اہم فصلوں خصوصاً گندم، کپاس اور چاول کی پیداوار پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں زرعی شعبے کو چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مزیدخبریں