انسٹا گرام میں ہر فوٹو اور ویڈیو کے لیے الگ کیپشن لکھنے کی سہولت

08:03 PM, 19 Jun, 2026

کیلیفورنیا: انسٹا گرام نے صارفین کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرتے ہوئے ایک نیا فیچر متعارف کرانا شروع کر دیا ہے، جس کے تحت ملٹی فوٹو اور ویڈیو پوسٹس میں ہر تصویر یا ویڈیو کے ساتھ علیحدہ کیپشن شامل کیا جا سکے گا۔

اب تک انسٹا گرام پر ایک ہی پوسٹ میں متعدد تصاویر یا ویڈیوز شامل کرنے کی صورت میں صرف ایک ہی کیپشن دیا جا سکتا تھا، تاہم نئے فیچر کے ذریعے ہر میڈیا آئٹم کے لیے الگ وضاحت دینا ممکن ہو جائے گا، جس سے پوسٹس کی تفصیل اور وضاحت مزید بہتر ہو جائے گی۔

کمپنی کے مطابق اس فیچر تک رسائی ایک ٹوگل آپشن کے ذریعے دی جائے گی جو کیپشن ایریا پر کلک کرنے سے ظاہر ہوگا۔

یہ سہولت فی الحال مرحلہ وار متعارف کرائی جا رہی ہے اور تمام صارفین تک پہنچنے میں ایک ہفتہ یا اس سے زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ انسٹا گرام پر ایک پوسٹ میں زیادہ سے زیادہ 20 تصاویر یا ویڈیوز شامل کی جا سکتی ہیں، اور نئے فیچر کے بعد ان سب کے لیے الگ الگ کیپشنز بھی شامل کیے جا سکیں گے۔

اس سے قبل 2024 میں انسٹا گرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے اس بات کی نشاندہی کی تھی کہ ملٹی پوسٹس صارفین کی رسائی اور انگیجمنٹ بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ مزید برآں، مارچ میں انسٹا گرام نے پوسٹس کو پبلش کرنے کے بعد ان کی ترتیب (ری آرینج) تبدیل کرنے کا فیچر بھی متعارف کرایا تھا، جس کے بعد یہ نیا فیچر مزید کارآمد ثابت ہوگا۔
 

مزیدخبریں