فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی علمائے اہل تشیع سے ملاقات، قومی سلامتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال

10:34 AM, 19 Mar, 2026

اسلام آباد: چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اہل تشیع کے علمائے کرام سے ملاقات کی جس میں ملک میں قومی سلامتی، اتحاد، برداشت اور ہم آہنگی کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں فیلڈ مارشل نے علمائے کرام کو گمراہ کن معلومات، فرقہ واریت اور بیرونی سازشوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے آپریشن غضب للحق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغان سرزمین کو اپنے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ ملک میں مذہبی جذبات کو تشدد کے لیے بھڑکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور کسی دوسرے ملک میں ہونے والے واقعات کی بنیاد پر پاکستان میں تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے علمائے کرام سے کہا کہ وہ اتحاد، برداشت اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور انتہاپسندی کے خاتمے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، اور آپریشن غضب للحق کا مقصد یہی ہے کہ دہشت گردوں کو ان کے ٹھکانوں سے ختم کیا جائے۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان اپنے عوام کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔

ملاقات کے دوران علمائے کرام نے مذہب کے نام پر تشدد کی سخت مذمت کی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزیدخبریں