واشنگٹن:امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں پر اہم بریفنگ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اپنے اہداف حاصل کر رہا ہے اور ایران کی دفاعی و جارحانہ صلاحیتوں کو تقریباً ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ جنگ ماضی کی روایتی جنگوں سے یکسر مختلف ہے۔
امریکی وزیرِ دفاع نے انکشاف کیا کہ تازہ ترین کارروائیوں کے دوران ایران میں 7 ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہاآج کی فضائی مہم اس آپریشن کا سب سے بڑا حملہ ثابت ہوگی۔ ہم یہ جنگ جیتنے کے لیے لڑ رہے ہیں اور ہم جیت رہے ہیں۔پیٹ ہیگستھ نے ایرانی فوجی نقصانات کی تفصیلات بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایرانی نیوی کے 120 بحری جہاز اور 11 آبدوزیں تباہ کی جا چکی ہیں۔ ایران کی بیلسٹک میزائل بنانے کی صلاحیت کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا گیا ہے۔ ایرانی قیادت اس وقت اپنی جان بچانے کے لیے بنکرز میں چھپنے پر مجبور ہے۔
امریکی وزیرِ جنگ نے آپریشن کے نام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 'آپریشن ایپک فیوری' اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ایران کی تمام جارحانہ صلاحیتیں مکمل طور پر ختم نہیں ہو جاتیں۔ انہوں نے میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض حلقے اس جنگ کو غلط انداز میں پیش کر رہے ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ امریکا اپنے طے شدہ اہداف کے تحت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
پیٹ ہیگستھ نے دورانِ جنگ ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان بہادر جوانوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران خطے میں مسلسل پراکسیز کی حمایت کر رہا ہے، جس کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
آپریشن 'ایپک فیوری' : ایران کی 11 آبدوزیں اور 120 بحری جہاز تباہ، امریکی وزیرِ دفاع کا بڑا دعویٰ
05:59 PM, 19 Mar, 2026