ملائیشیا اور بنگلادیش میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر 21 مارچ ہفتے کو ہوگی

07:09 PM, 19 Mar, 2026

کوالالمپور/ڈھاکہ :ملائیشیا اور بنگلادیش میں شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد دونوں ممالک میں عیدالفطر 21 مارچ بروز ہفتہ منانے کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔
ملائیشین میڈیا کے مطابق ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، جس کے بعد مذہبی حکام نے اعلان کیا کہ رمضان المبارک کے 30 روزے مکمل کیے جائیں گے اور عید ہفتے کے روز ہوگی۔ دوسری جانب، بنگلادیشی رویت ہلال کمیٹی نے بھی ڈھاکہ میں ہونے والے اجلاس کے بعد تصدیق کی ہے کہ ملک میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، لہٰذا وہاں بھی عیدالفطر 21 مارچ کو منائی جائے گی۔
پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس اس وقت جاری ہے۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کر رہے ہیں، جس میں ملک بھر سے شہادتیں جمع کی جا رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین بھی اجلاس میں شریک ہیں تاکہ سائنسی بنیادوں پر چاند کی موجودگی کا جائزہ لیا جا سکے۔
پاکستان میں عید کل ہوگی یا پرسوں، اس کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی تمام شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد سنائے گی۔

مزیدخبریں