وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے راولپنڈی کے اراکین اسمبلی کی ملاقات

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے راولپنڈی کے اراکین اسمبلی کی ملاقات
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ منتخب نمائندوں کے حلقوں میں ترجیحی بنیادوں پر کام ہوں گے، راولپنڈی سمیت ہر شہر کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیا گیا ہے، سازشی عناصر پہلے بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی ان کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی جس دوران حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے کئے جانے والے اقدامات، ترقیاتی سکیموں اور فلاح عامہ کے جاری منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے راولپنڈی کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ 
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اراکین اسمبلی کی عزت میری عزت ہے، منتخب نمائندوں کے حلقوں میں ترجیحی بنیادوں پر کام ہوں گے، راولپنڈی سمیت ہر شہر کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیا گیا ہے اور پہلی مرتبہ شہروں کی ضروریات اور ترجیحات کو مد نظر رکھ کر فلاح عامہ کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں، الزامات برائے الزامات لگانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، سازشی عناصر پہلے بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی ان کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔ 
انہوں نے کہا کہ ترقی کے مخالفین سوچے سمجھے منصوبے کے تحت زہریلا پراپیگنڈا کر رہے ہیں لیکن ہم نے تنقید اور پراپیگنڈے کا جواب ہمیشہ خدمت کی سیاست سے دیا ہے اور دیتے رہیں گے، پنجاب میں کسی کے ساتھ انتقامی کارروائی کی ہے، نہ کریں گے، ہماری حکومت کا دامن صاف ہے، سابق دور میں ہر روز سورج نیا سکینڈل لے کر طلوع ہوتا تھا ، لیکن ہماری توجہ صرف اور صرف ملک و قوم کی خدمت پر ہے۔ 
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جہاں بھی بے ضابطگی یا خرابی نظر آئی، فوری کارروائی کی ہے، مخالف عناصر صرف این آر او کے متلاشی ہیں جو انہیں وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے کبھی نہیں ملے گا، اڑھائی برس میں وہ کام کئے ہیں جو سابق حکومت 10 برس میں نہ کر سکی، وزیر اعظم عمران خا ن کی قیادت میں عوامی خدمت کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے اور ملک کو قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔