این سی او سی کا سیاحت پر عائد پابندی اٹھانے کا فیصلہ

08:16 PM, 19 May, 2021

اسلام آباد: نیشنل کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے سیاحت پر عائد پابندی اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ پروازوں اور مسافروں سے متعلق پالیسی بھی جاری کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر اور لیفٹیننٹ جنرل حمود الز مان کی زیرصدارت این سی اوسی کااجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی برائے صحت، وزیر صحت سندھ اور تمام فیڈریٹنگ یونٹوں کے چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ 
این سی او سی نے سیاحت پر عائد پابندی اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پروازوں اور مسافروں سے متعلق پالیسی میں یکم مئی کے ہدایت نامے کی توسیع کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ این ڈی ایم اے ایئرپورٹس پر کورونا وائرس کے فوری ٹیسٹ کیلئے کٹس کی بلا تعطل فراہمی کرے، صوبائی حکومتیں قرنطینہ مسافروں کیلئے موثر انتظامات کریں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومتیں ماہر طبی عملے کو ایئرپورٹ پر تعینات کریں، ایف آئی اے ، اے ایس ایف اہلکار ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں جبکہ جعلی پی سی آر رپورٹس سے بچنے کیلئے وزارت خارجہ فوری طور پر فہرست جاری کرے۔ اس کے علاوہ ریسٹورنٹ میں آؤٹ ڈور کی مشروط اجازت دیدی گئی ہے تاہم ٹیک اوے کی اجازت 24 گھنٹے ہوگی۔ 
این سی او سی کا کہنا ہے کہ کورونا پروٹوکول کے ساتھ سیاحت کی اجازت ہو گی اور سیاحوں سے بھی درخواست ہے کہ وہ اپنے سفر کے دوران ہر صورت کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کو شکست دی جا سکے۔ اس کے علاوہ یکم جون سے آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات کی اجازت بھی دیدی گئی ہے جس میں 150 افراد کے شریک ہونے کی اجازت ہو گی۔ 

مزیدخبریں