پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر پلے آف میں جگہ بنالی

12:56 AM, 19 May, 2025

راولپنڈی:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 29ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 26 رنز سے شکست دے کر پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس فیصلہ کن میچ سے قبل بارش کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار ہوا، جو بالآخر ساڑھے 9 بجے ممکن ہوا۔ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے میچ کو 13،13 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 13 اوورز میں 149 رنز کا بڑا مجموعہ سکور بورڈ پر سجایا۔
فخر زمان نے 36 گیندوں پر 60 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔محمد نعیم نے 10 گیندوں پر 22 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جب کہ آصف علی نے 18 رنز اسکور کیے۔دیگر بلے بازوں میں عبداللہ شفیق (5)، کوشال پریرا (17) اور سکندر رضا (4) نمایاں نہ ہو سکے۔زلمی کی جانب سے احمد دانیال، علی رضا اور ڈینیئل سیمز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں صرف 123 رنز ہی بنا سکی۔
ابتدائی بلے باز صائم ایوب اور محمد حارث صرف 8،8 رنز پر آؤٹ ہوئے، جب کہ بابر اعظم 16 رنز، میکس برائنٹ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔معاز صداقت (4)، عبدالصمد (17)، احمد دانیال (24) اور لَک ووڈ (0) بھی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے۔لاہور کی جانب سے سلمان مرزا نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور سکندر رضا و حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے ڈو یا ڈائی کی حیثیت رکھتا تھا، جس میں لاہور قلندرز فتح یاب ہو کر پلے آف میں پہنچ گئی۔اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے ہی پلے آف کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔

مزیدخبریں