واشنگٹن: سابق امریکی صدر جو بائیڈن کو پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، جو ایک جارحانہ قسم کا ہے اور ہڈیوں تک پھیل چکا ہے۔ یہ اطلاع بائیڈن آفس کی جانب سے جاری ایک سرکاری بیان میں دی گئی۔
بیان کے مطابق 82 سالہ بائیڈن اور ان کے اہل خانہ اس وقت ڈاکٹرز کے ساتھ مل کر علاج کے مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔ ان کی صحت سے متعلق اس تشویشناک خبر کے بعد عالمی سطح پر سیاسی رہنماؤں اور عوام کی جانب سے ہمدردی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے ردعمل میں کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ میلانیا بائیڈن کی بیماری کی خبر سن کر افسردہ ہیں۔ ٹرمپ نے جو بائیڈن اور ان کے خاندان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے جو بائیڈن کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
واضح رہے کہ پروسٹیٹ کینسر مردوں میں پایا جانے والا ایک عام مگر بعض اوقات مہلک کینسر ہے جو تولیدی نظام کے ایک اہم حصے، پروسٹیٹ گلینڈ میں پیدا ہوتا ہے۔ جو بائیڈن کی صدارتی مدت رواں سال 20 جنوری کو ختم ہوئی تھی۔