اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جبکہ بیشتر میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور سرگودھا میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، منڈی بہاؤالدین، شیخوپورہ، بھکر، نور پور تھل اور میانوالی میں بھی کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے شمالی اور وسطی اضلاع جن میں چترال، سوات، دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، صوابی، کرک، کوہاٹ، بنوں، ہنگو، کرم، وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ میدانی علاقوں میں دن کے وقت گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔