پاکستان بھارتی تسلط کے سامنے نہیں جھکے گا ، حملہ ہوا تو جواب تیز اور خوفناک ہوگا: ڈی جی آئی ایس پی آر

11:12 AM, 19 May, 2025

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارت کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ وہ نہ اسرائیل ہے اور نہ پاکستان فلسطین۔ اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی تو پاکستان کا ردعمل فوری، سخت اور خوفناک ہوگا۔

ترکیہ کی سرکاری خبر ایجنسی کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت دنیا میں دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے۔ صرف جنوری 2024 سے اب تک ملک بھر میں 3700 سے زائد دہشتگردی کے واقعات پیش آ چکے ہیں جن میں 3896 افراد شہید ہوئے، جن میں 1300 سے زائد سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں، جبکہ 2500 سے زیادہ لوگ زخمی ہو کر اپنے جسمانی اعضا کھو چکے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان میں ہونے والی بیشتر دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، جو مختلف شدت پسند تنظیموں کو مالی اور عسکری مدد فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے، مگر بھارت اسے زبردستی اندرونی مسئلہ قرار دینے کی کوشش کر رہا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے دوٹوک انداز میں کہا کہ اگر بھارت نے دوبارہ حملہ کیا تو پاکستان خاموش نہیں بیٹھے گا بلکہ بھرپور، تیز اور تباہ کن جواب دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ"بھارت امریکہ نہیں اور پاکستان افغانستان نہیں، بھارت اسرائیل نہیں اور پاکستان فلسطین نہیں، ہم کسی کے تسلط کو تسلیم نہیں کریں گے۔"
انہوں نے بھارت پر الزام لگایا کہ وہ دہشتگردی کے واقعات جیسے پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر لگا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتا ہے، حالانکہ وہ خود اس کا کوئی ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ جعفر ایکسپریس حملے کا حوالہ دیتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ اس حملے کی ذمہ داری بلوچ علیحدگی پسند تنظیم (بی ایل اے) نے لی، جس نے کھلے عام بھارت سے مدد مانگی اور بھارتی رہنماؤں نے بھی ان کی حمایت کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے بھارت کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے، جن میں تین جدید رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ ان کے مطابق پوری دنیا جانتی ہے کہ یہ طیارے گرائے گئے، مگر بھارت اس حقیقت کو ماننے سے انکاری ہے۔

مزیدخبریں