اسلام آباد : پاکستانی سیکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے کامیاب انسدادِ دہشتگردی آپریشن "بنیان مرصوص" کی اہمیت کو کم کرنے کے لیے ایک منظم پروپیگنڈا مہم شروع کر رکھی ہے۔ اس مہم کے تحت بھارتی خفیہ ایجنسی "را" نے کالعدم تنظیم فتنہ الخوراج کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کی خدمات حاصل کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق احسان اللہ احسان نے حال ہی میں بھارتی اخبار "دی سنڈے گارڈین" میں ایک مضمون شائع کیا ہے جس میں پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں مبینہ دہشتگردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ سیکیورٹی ماہرین کے مطابق یہ مضمون بھارت کی جانب سے ایک اور فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کی علامت ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ "دی سنڈے گارڈین" بھارتی خفیہ ایجنسیوں کا ایک پروپیگنڈا ٹول ہے، جسے "را" مالی معاونت فراہم کرتی ہے۔ اخبار کا مالک کارتیکیہ شرما وزیراعظم نریندر مودی کا قریبی ساتھی اور آر ایس ایس کے شدت پسند نظریات کا حامی ہے۔ مزید یہ کہ اخبار کا نمایاں لکھاری ابھینندن مشرا وہی شخص ہے جس نے احسان اللہ احسان کی مبینہ فرار کی خبر سب سے پہلے دی تھی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ تمام سلسلہ بھارتی اداروں کی پشت پناہی سے جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ احسان اللہ احسان بھارتی ایجنسیوں سے قریبی روابط رکھتا ہے اور ان کے درمیان رابطے کا کردار ادا کر رہا ہے۔ بھارتی میڈیا میں اس کے مضامین شائع کروا کر پاکستان کے خلاف جھوٹا بیانیہ پھیلایا جا رہا ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق احسان اللہ احسان کے ذریعے پھیلایا جانے والا پروپیگنڈا نہ صرف بھارت کی خطے میں امن دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرتا ہے بلکہ یہ بھی واضح کرتا ہے کہ بھارت پاکستان کی عسکری کامیابیوں سے تاحال پریشان ہے اور فتنہ انگیزی کے ذریعے خطے میں بدامنی پھیلانا چاہتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا کو چاہیے کہ وہ بھارت کے ان گھناؤنے ہتھکنڈوں کا نوٹس لے، جو انسانی حقوق کی پامالی، دہشتگردی کی سرپرستی، اور میڈیا کے ذریعے جھوٹے بیانیے کے فروغ پر مبنی ہیں۔