جعلی خبروں کی نگرانی کرنے والے ادارے نے بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کا پول کھول دیا

04:33 PM, 19 May, 2025

اسلام آباد:جعلی خبروں پر نظر رکھنے والے بین الاقوامی ادارے "فیک نیوز واچ ڈاگ" کی جانب سے جاری کردہ 48 صفحات پر مشتمل تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 7 سے 10 مئی 2025 کے دوران پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی میڈیا نے بڑے پیمانے پر منظم جھوٹا پروپیگنڈا کیا۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا، حکومتی سرپرستی میں، جعلی خبروں کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہوئے نہ صرف پاکستان کی عسکری ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا رہا بلکہ عالمی سطح پر رائے عامہ کو بھی گمراہ کرنے کی مہم چلاتا رہا۔

تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی سوشل میڈیا پر منظم طریقے سے پاکستان میں تباہی کی جھوٹی تصاویر اور ویڈیوز پھیلائی گئیں، جنہیں براہ راست بھارتی حکومت کی مداخلت سے جوڑا گیا ہے۔ ان میں اسرائیلی آئرن ڈوم کا پرانا ویڈیو کلپ اور 2021 کی فوٹیجز کو حالیہ جنگی حالات کے طور پر پیش کیا گیا۔

بھارتی ٹی وی چینل انڈیا ٹوڈے کو خاص طور پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جس نے اینی میٹڈ میزائل حملوں کو حقیقی حملے ظاہر کر کے عوام کو گمراہ کیا۔ اسی طرح، زی نیوز اور دیگر اداروں نے بھی جنگی حالات میں جھوٹی بریکنگ نیوز نشر کیں۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا نے پاکستانی وزیراعظم کی ایک ڈیپ فیک ویڈیو بھی نشر کی، جس میں انہیں جھوٹا دکھایا گیا کہ وہ شکست تسلیم کر رہے ہیں۔ اسی طرح، 2007 کی عراق جنگ کی فوٹیج کو پلوامہ حملے سے جوڑنے کی کوشش کی گئی۔

مزید جھوٹے دعووں میں پاکستانی آرمی چیف کی گرفتاری، اسلام آباد پر حملے، بھارتی فوج کی پاکستانی حدود میں دراندازی، اور دو پاکستانی طیاروں کے سری نگر میں گرنے جیسے خبریں شامل تھیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ بھارتی میڈیا نے امریکی اور اسرائیلی طیاروں کی جے پور آمد کی جعلی AI ویڈیوز پھیلائیں، اور سو سے زائد پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کا جھوٹا دعویٰ بھی بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے کیا گیا۔

جنگ بندی کے بعد بھارتی میڈیا کو عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور اس کی ساکھ کو بڑا نقصان پہنچا۔

مزیدخبریں