راولپنڈی:شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑی اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ ٹارگٹڈ کارروائی 17 مئی سے علاقے میں جاری سرچ اینڈ سینیٹائزیشن آپریشن کا حصہ تھی۔
بیورو چیف اسلام آبادنیونیوز جاوید بلوچ کاکہنا ہے کہ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کا تعلق بھارتی سرپرستی میں چلنے والی 'فتنہ الخوارج' سے تھا، جو خطے میں امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں مصروف تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں فورسز نے انتہائی مؤثر انداز میں کارروائی کرتے ہوئے خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے مقامی آبادی کو 'انسانی ڈھال' کے طور پر استعمال کرنے کی بزدلانہ کوشش بھی کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو محفوظ رکھا۔
سکیورٹی فورسز نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس وقت پورے علاقے کا محاصرہ مکمل کر لیا گیا ہے اور کسی بھی دوسرے ممکنہ دہشت گرد یا سہولت کار کی موجودگی کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔
عسکری قیادت کا عزم ظاہر کرتے ہوئے آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے مکمل اور قطعی خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی جانب سے ایسی ٹارگٹڈ کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد
06:38 PM, 19 May, 2026